پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل، توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی

Published On 13 June,2024 12:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے عدالتی حکم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کر دیا جس کے بعد عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے بیلف کو دفتر ڈی سیل کرنے کے لیے بھیج دیا، ساتھ ہی مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل کرنے پر عدالت کو آگاہ کرنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔

بعد ازاں عدالتی حکم پر پی ٹی آئی آفس ڈی سیل کرنے کے حوالے سے سی ڈی اے نے عدالت کو آگاہ کر دیا جس کے بعد عدالت نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔