پنجاب: قیدیوں کو عید کے پہلے 2 روز اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت

Published On 15 June,2024 12:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کو عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔

عید کے روز قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے اس حوالے سے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن صرف فیملی ممبران کو ملاقات کی اجازت ہوگی، دوست احباب و دیگر افراد ملاقات کیلئے آنے کی تکلیف مت کریں ورنہ انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں، اسیران کے ملاقاتیوں کو چیکنگ کے بعد کھانا جمع کرانے کی اجازت دی جائے، ملاقاتیوں کی سہولت کیلئے سپیشل ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔

میاں فاروق نذیر نے کہا کہ ملاقات کے دوران بدعنوانی کے امکانات کے خاتمے کیلئے سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور ڈیوٹی آفیسر انتظار گاہ اور ملاقات شیڈ کے مسلسل دورے کریں، تمام جیل سپرنٹنڈنٹس مخیر حضرات سے قربانی کے گوشت کی وصولی کر کے اگلے روز اسیران کے ڈنر کا بندوست کریں اور رپورٹ صدر دفتر ارسال کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے خصوصی ملاقات کے انتظامات کی نگرانی کی جائے گی، کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ریجنل ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ جیلوں کے اچانک دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیں اور رپورٹ صدر دفتر ارسال کریں۔