کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مشکل وقت گزر جائے گا۔
کراچی میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج خیریت سے گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کی گئی، میں اپنی اور ان سب کی جانب سے پاکستان اور دنیا کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، عمان، ملائیشیا، ترکیہ و دیگر پاکستان کی مالی مدد کرنے کو تیار ہیں اور پاکستان میں خوشحالی آنے والی ہے، ہمیں سیاست سے بڑھ کر اپنی معیشت کو دیکھنا ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو ہمارا پیغام ہے کہ ہم متحد ہیں اور ہمارے تمام دوست ممالک بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں جو پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور اچھے بُرے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں، یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا اور پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام اسلامی ممالک کے دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ خصوصی سرمایہ سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) میں سرمایہ کاری کریں جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی موقع فراہم کیا گیا، یہ تمام ممالک اپنے ملکوں سے کاروباری حضرات کو پاکستان لائیں اور سرمایہ کرائیں۔
اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے بڑی خوشی کا مقام ہے کہ کراچی میں موجود تمام اسلامی ممالک کے قونصل جنرل یہاں موجود ہیں اور ہم مل کر یہاں فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مسائل سے باہر نکل رہا ہے اور صحیح سمت میں سفر شروع کرنے جا رہا ہے۔