اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا گرڈ سٹیشنز پر آنے والے واقعات پر مدد مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر داخلہ کو لکھے خط میں موقف اپنایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ذمہ دار شخصیات گرڈ سٹیشنز کے احاطے میں مظاہروں کی قیادت کر رہی ہیں، ان فیڈرز پر بہت نقصانات اور بجلی چوری ہوتی ہے، واقعات بجلی بندش پر مردان چارسدہ، ٹانک، بنوں اور پشاور میں پیش آرہے ہیں، سی ای او پیسکو کی طرف سے بھیجی گئی ایک رپورٹ شیئر کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ: وزیراعلیٰ کے پی گرڈ سٹیشن پہنچ گئے، نیشنل گرڈ کو بجلی بند کرنیکی دھمکی
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی اراکین اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات نے گرڈ سٹیشنز عملے کو بجلی بحالی سے متعلق غیر قانونی احکامات دیئے، یہ صورتحال نہ صرف گرڈ سٹیشنز کی سیفٹی بلکہ عملے کی سیفٹی کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے، پولیس ذمہ داروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کر رہی، اس سے قانون کو ہاتھ میں لینے کیلئے دیگر اضلاع کے عوام کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ بحران: محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی
اویس لغاری نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صوبے کے تمام گرڈز پر سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، غیر متعلقہ افراد کو گرڈز میں داخل ہونے سے روکا جائے، پیسکو اتھارٹی کی طرف سے گرڈ سٹیشنز میں زبردستی گھسنے والے نامزد افراد اور گرڈ سٹیشنز میں داخل ہوکر بجلی بحال کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں۔