پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار

Published On 20 June,2024 02:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات کو تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جہلم اور گردونواح میں ژالہ باری بھی ہوئی، متعدد مقامات پر فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی بند ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ، وزیر آباد، گجرات اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی، لاہور میں بھی رات گئے چلنے والی تیز ہوا کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جہلم میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سورج سوا نیزے پر، چلچلاتی دھوپ قہر ڈھاتی رہی، گرمی کی لہر برقرار

کلر کہار میں بارش کے بعد موسم سہانا ہونے پر جھیل کی رونقیں دوبالا ہو گئیں، دیر، بنوں، پٹن میں بھی بادل برسے، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی طوفان کیساتھ بارش ہوئی، تیز ہوائیں چلنے اور بارش کے بعد گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے، بارش کی وجہ سے درجہ حرارت 5 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔