گوادر: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں امن ممکن ہے، زائرین کی حفاظت کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق گوادر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے ساتھ ساتھ رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
صدر مملکت آصف علی زرداری کو اجلاس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
آصف علی زرداری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت سے وفاقی انشورنس محتسب کی ملاقات، شکایات کے فوری حل کا حکم
صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی کوششوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ہوگی اور بلوچستان میں قابل پولیس افسر تعینات کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قابل افسران صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں متوسط طبقات کا خاص خیال رکھیں: صدر زرداری کا وزیر اعظم پر زور
آصف علی زرداری نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھایا جائے، زیادہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری کے لئے تربیتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر کے دورے سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا۔