لاہور: (دنیا نیوز) دو روز قبل قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس شجاعت علی خان نے بطور جج تاریخ رقم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شجاعت علی خان کی جانب سے بطور جج دیئے گئے 91 فیصد فیصلوں کو سپریم کورٹ درست قرار دے چکی، ان کے بطور جج فیصلوں کیخلاف سپریم کورٹ میں 809 اپیلیں دائر ہوئیں، عدالت عظمیٰ نے جسٹس شجاعت علی خان کے 466 فیصلوں کو درست قرار دیا جبکہ 295 کیسز اس وقت زیر التوا ہیں۔
واضح رہے کہ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت علی خان نے حلف اٹھانے کے بعد پروٹوکول لینے سے بھی منع کر دیا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے گارڈ آف آنر لینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
دو روز قبل جسٹس شجاعت علی خان نے بطور قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا، تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے قائم مقام چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت صوبائی وزراء شریک ہوئے، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس شہرام سرور بھی تقریب حلف برداری میں میں شریک ہوئے۔