لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے پنجاب کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بنچ 24 جون کو سماعت کرے گا، عدالت نے سرکاری وکیل سے کابینہ کے فیصلے سے متعلق تفصیلات مانگ رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سنگین مقدمات درج کرنے کے پنجاب کابینہ فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف آرمی سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے پر مزید مقدمات درج کرنے کی منظوری دی تھی۔