پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف ایم پی او آرڈرز کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع

Published On 24 June,2024 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کیخلاف 9 مئی 2023 سے لیکر اب تک جاری کئے گئے ایم پی او آرڈرز کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایم پی او آرڈرز کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں۔

رپورٹ کے مطابق 9 مئی 2023 کے بعد سے اب تک 4 ہزار 770 افراد کو ایم پی او آرڈر کے تحت نظر بند کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان سمیت دیگر کے خلاف 3 ہزار 532 ایم پی او آرڈرز جاری کئے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور میں سب سے زیادہ ایم پی او آرڈرز جاری کئے گئے، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں سب سے زیادہ افراد کو ایم پی او آرڈرز کے تحت گرفتار کیا گیا۔

حکومتی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں 348، گوجرانوالہ میں 328 اور لاہور میں 301 ایم پی او آرڈرز جاری کئے گئے، ملتان میں 739، لاہور میں 642 اور راولپنڈی میں 384 افراد کو نظر بند کیا گیا، مجموعی طور پر 3 ہزار 511 افراد ایم پی او آرڈرز واپس لینے کی بنا پر رہا ہوئے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما زینب عمر نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے ذریعے ایم پی او آرڈرز کی تفصیلات کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔