اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے ثنا اللہ مستی خیل کی رکنیت معطلی کا سپیکر کا فیصلہ مسترد کردیا، تحریک انصاف نے اتوار کو قومی اسمبلی اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم سپیکر کے فیصلے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ہم سپیکر کے فیصلے کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں باقی بجٹ سیشن کیلئے اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ثنا اللہ مستی خیل سے نازیبا الفاظ استعمال ہوئے، یہ زبان کا پھسلاؤ تھا، آج حکومت کا اصل چہرہ ایوان میں دکھانا چاہتے تھے لیکن نکتہ اعتراض پر بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ہماری روش نہیں، ثنااللہ مستی خیل نے بروقت مذمت کی، وہ معافی کیلئے بھی تیار تھے، اس سے پہلے ایم این اے طارق چیمہ نے ہماری خاتون رکن کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے، ہم نے گزارش کی دو یا تین دن کیلئے رکنیت معطل کردیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ انتہائی اہم قانون سازی کے دن ہیں، ہم نے کہا کہ ثنا اللہ مستی خیل کو پورے سیشن کیلئے معطل نہ کریں لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی۔