جھنگ: (دنیا نیوز) مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالنے پر تحریک انصاف کے ایم این اے سمیت درجنوں کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ میں احتجاجی ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے پر پی ٹی آئی رہنما ایم این اے شیخ وقاص اکرم اور متعدد کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، تھانہ کوتوالی میں اے ایس آئی کی مدعیت میں درج مقدمہ میں 341.188 اور 16 ایم پی او کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب چنیوٹ میں بھی تحریک انصاف کے ضلعی رہنماؤں کیخلاف احتجاج کرنے پر تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں 13 نامزد اور 12 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے، مقدمہ 16 ایم پی او، دفعہ 183 اور 341 ت پ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ادھر رینالہ خورد میں بھی حکومت مخالف ریلی نکالنے، عوام کو اکسانے، اشتعال انگیزی پھیلانے اور روڑ بلاک کرنے کے الزام پر تحریک انصاف کے 24 رہنماؤں و کارکنان کیخلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں این اے اور پی پی کے ٹکٹ ہولڈرز، مقامی رہنماؤں، کارکنان سمیت 14 نامزد جبکہ 8 نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔