حکومت کارڈ کے نام پر کسانوں سے دھوکہ کررہی ہے: ملک احمد خان بھچر

Published On 20 June,2024 02:35 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ حکومت کسان کارڈ کے نام پر کسانوں سے دھوکہ کررہی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں فیصل آباد انڈسٹری پچاس فیصد چل رہی ہے اور 30فیصد مزدور بےروزگار ہوگئے، ہمارے دور میں سود کی شرح 12.5فیصد اور موجودہ حکومت میں 24.52 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو دوسروں کے منصوبوں کو لینے کا بڑا شوق ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو خود ہی ظلم ہی کرتے اور پھر حبیب جالب کے شعر بھی خود ہی پڑھتے ہیں ، کسان کارڈ پی ٹی آئی نے شروع کیا جس پر نمبر انہوں نے بنا کر دوسروں کو بے وقوف بنایا یہی ان کا کام ہے ۔

ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ یہ 75 ارب روپے کسانوں کو قرض دے رہے ہیں، گندم کی مد میں راولپنڈی سے 44 ارب اور گجرات سے101ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، گندم پر سرگودھا ڈویژن سے کسانوں کا 69ارب ،ملتان سے 100ارب، ڈی جی خان سے 112ارب ، بہاولپور سے 143ارب، ساہیوال سے 52ارب روپے اور لاہور سے 67 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت نے سات ہزار ٹیوب ویل سولر پر لگانے کا فیصلہ تو کر لیاہے لیکن پانی کی گہرائی آٹھ سو فٹ پر ہے، سولر کیلئےپلیٹیں اور انورٹر لگانے پڑتے ہیں، ایک ٹیوب ویل پر پچاس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ ٹیوب ویلز کی ضرورت جنوبی پنجاب میں ہے جہاں پانچ سے چھ سو فٹ پر پانی ہے، موجودہ حکومت حکومت کسان کارڈ کے نام پر کسانوں سے دھوکہ کررہی ہے۔