پی ٹی آئی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس، وزیر اعلیٰ علی امین نے ممکنہ آپریشن پر بریفنگ دی

Published On 24 June,2024 01:25 am

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی، کور کمیٹی کے اجلاس میں ممبران نے آپریشن کی مخالفت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایک گھنٹہ سے زائد وقت بریفنگ دی، علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے متعلق آپریشن پر موقف کمیٹی کے سامنے رکھا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی میٹنگ میں آپریشن سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا، اگر آپریشن سے متعلق کوئی فیصلہ ہوا ہو تو میٹنگ منٹ سامنے لائے جائیں، میری ملاقاتوں اور میٹنگز میں صرف دہشتگردی پر گفتگو ہوئی فیصلے نہیں ہوئے، خیبرپختونخوا ایک اور آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا، جھوٹے پروپیگنڈے پھیلانے کی بجائے حقائق پر بات کی جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کور کمیٹی کو مزید بتایا کہ آپریشن کا کوئی فیصلہ کیا تو سب سے پہلے کور کمیٹی کو آگاہ کروں گا، خیبرپختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے، بیرسٹر سیف آپریشن سے متعلق معاملات سے جلد آگاہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی سے معاملے پر ملاقات کروں گا، کور کمیٹی نے علی امین گنڈاپور پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔