سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو گی

Published On 24 June,2024 02:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ آج سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا، الیکشن کمیشن نے اپنا تحریری جواب جمع کروا رکھا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ 24 دسمبر کی ڈیڈ لائن کے باوجود سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کی فہرستیں جمع نہیں کرائیں تاہم امیداروں کی طرف سے تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نشان دینے کا سرٹیفکیٹ مانگا گیا تھا لیکن بعد میں امیدواران تحریک انصاف نظریاتی کے انتخابی نشان سے خود ہی دستبردار ہو گئے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف نظریاتی کے انتخابی نشان سے دستبردار ہونے کے بعد امیدوار آزاد قرار پائے اور الیکشن کے بعد آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے جس پر سنی اتحاد کونسل کو الیکشن نے مخصوص نشستیں نہ دینے کا چار ایک سے فیصلہ دیا، پشاور ہائی کورٹ نے بھی سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، عدالت نے 24 اور 25 جون کو 2 دن کیس سن کر سماعت مکمل کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے، دونوں دن کیس کی سماعت ساڑھے 9 بجے سے شروع ہو گی۔