لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجٹ پاکستان عوام پر حملہ ہے، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کل کا بجٹ فارم 47 کی حکومت نے پاس کرایا یہ اکنامک ہٹ مین کا بجٹ ہے یہ پاکستانی عوام کے خلاف حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، گورنمنٹ کے ایک شخص نے میری بات کی تردید نہیں کی، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کاشتکاروں کی گندم نہیں اٹھائی گئی حکومت کہہ رہی ہے گندم ایکسپورٹ کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے، پی ٹی آئی کے دور میں یونٹ ستر روپے تھا اور اب پچاسی روپے ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کی عدالتوں میں گھومنا پڑتا ہے، میں پارلیمان کے کام میں بہت زیادہ مصروف ہوں محسوس کیا کہ اپنے کام کے ساتھ پورا وقت نہیں دے رہا اس لئے عہدے سے استعفیٰ دیا، عدت کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔