اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں عزم استحکام آپریشن کے خدوخال کا نہیں پتہ یہ چاہتے کیاہیں؟۔
رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ ہم اپنے ملک کے اندر کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتے نہ ہمارا ملک کسی اور ملک کے اندر مداخلت کرے، افغانستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ اس طرح کا رویہ اختیار کر رہے ہیں جس سے چائنہ کے ساتھ بھی تعلقات شک و شبہات کا شکار ہو گئے ہیں، اسی طرح ایران کے ساتھ تعلقات بھی مثالی نہیں ہیں، انڈیا کے ساتھ بھی تعلقات دشمنی کی بنیاد پر ہیں اوروہاں پھر مودی آ گیا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مطلب! آپ پاکستان میں ایک نیا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، ہم خواجہ آصف کے بیان کے خلاف کھڑے ہیں، عزم استحکام آپریشن کے خدوخال کا ہمیں نہیں پتہ یہ چاہتے کیاہیں؟، ہم ملک کو انارکی کی طرف لے کر جانا نہیں چاہتے، اس وقت ملک کیلئے ذمہ دارانہ رویے کی ضرورت ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت جعلی اور چوری کے مینڈیٹ سے آئی ہے، اس حکومت میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، صوابی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بانی چئیرمین کی رہائی کیلئے احتجاج کرنے جارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کیلئے ورلڈ کپ جتوایا، آپ نے اسے عدت کیس میں گرفتار کیا، مفتیوں کے اس پر فتوے بھی موجود ہیں، مریم نواز خود کو جس صوبے میں چیمپئن سمجھ رہی ہیں، ان کے صوبے میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے۔