نیویارک : (ویب ڈیسک ) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے ملالہ فنڈ کے تحت فلسطینی بچوں کے ریلیف فنڈ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت غزہ میں چھ لاکھ سے زیادہ بچے سکول نہیں جارہے ہیں۔
ملالہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں بچے خوفناک حالات کا سامنا کر رہے ہیں ، مسلسل بمباری کے ڈر میں رہنا بچوں کی جسمانی اور ذہنی تندرستی پر تباہ کن اثر ڈالتا ہے، ہمیں تشدد ختم کرنے کیلئے فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ جاری رکھنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملالہ یوسف زئی نے فلسطینی طلبہ کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی میں سکالر شپ کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 37ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ 86 ہزار سے زائد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔