لاہور:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے بھی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ" آپریشن عزم استحکام" کی مخالفت کردی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملک اور عوام کے لیے نقصان دہ ہوگا، جماعت اسلامی کا آپریشن پر موقف واضح ہے، اسے مسترد کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، پاکستان، افغانستان، چین اور ایران خطے میں امن کے لیے بات چیت کریں، چاروں ممالک، وسط ایشیائی ریاستوں اور روس کو ملاکر خطے میں امن، ترقی کے لیے بلاک بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر آپریشن کے حکومتی حامی خطے کو جہنم بنانا چاہتے ہیں، یہ تاثر نہیں دیا جانا چاہیے کہ چین کے کہنے پر آپریشن ہورہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سے مذاکرات اور تعلقات میں مثبت پیش رفت کی حمایت کریں گے، جماعت اسلامی افغانستان سے تعلقات میں پیش قدمی میں معاونت کے لیے تیار ہے۔