جماعت اسلامی کا ملک بھر میں مہنگائی اوراضافی بجلی بلوں کیخلاف احتجاج کا اعلان

Published On 22 June,2024 12:09 pm

کراچی : (دنیانیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کل ملک بھر میں جماعت اسلامی مہنگائی اور اضافی بجلی بلوں کیخلاف احتجاج کرے گی، آئی ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ مسترد کرتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہ ہو گیا ہے،  آئی ایم ایف کے بنائےہوئے بجٹ کیخلاف آواز اٹھائیں گے ، کل پورے ملک میں احتجاج ہوگا،عوام سے اپیل ہے باہر نکلیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غریب اور پسماندہ لوگوں کیلئے حالات بہت مشکل ہو گئے ہیں، جن بچوں نے سکول ہونا تھا وہ اب مزدوری کر رہے ہیں، 35 فیصد تک ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا،اسے قبول نہیں کریں گے. 

ان کاکہنا تھا کہ جاگیر داروں سے ٹیکس کیوں نہیں لیا جاتا، کسانوں کے ساتھ دھوکا اور ظلم کیا گیا، پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے ،ملک میں لوٹ مار کا نظام چل رہاہے ،ظلم کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں، نوجوان اس ملک کو اشرافیہ سے آزاد کرانے کی تحریک میں ہمارا ساتھ دیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن  نے کہا کہ 13ہزار ارب روپے کے ٹیکسز لگادیے گئے ہیں، عوام حکومتی لوگوں کو سمجھ چکی ہے ، جب غلط لیڈرشپ کا انتخاب کیا جاتا ہے تو تب عوام کے ساتھ دھوکا ہوتا ہے، طاقتور اشرافیہ کے اوپر ملک کو نہیں چھوڑا جاسکتا، اس ملک کے خزانے عوام کیلئے ہیں اشرافیہ کیلئے نہیں ہے، انویسٹمنٹ آئی پی پی کو نوازنے کیلئے استعمال کی گئی ہے، پاکستانی قوم کا حق ہے کہ انہیں معاہدوں کے بارے میں بتایا جائے۔