10 لاکھ لوگوں کو فری آئی ٹی ایجوکیشن دینا پہلا ہدف ہے، حافظ نعیم الرحمان

Published On 08 June,2024 09:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 10 لاکھ لوگوں کو فری آئی ٹی ایجوکیشن دینا پہلا ہدف ہے، اگلا مرحلہ اساتذہ کی ٹریننگ کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت بنوقابل پروگرام کے باعث یہ میدان بھر گیا ہے، اس کا کریڈٹ ضلعی انتظامیہ کو جاتا ہے، ٹیسٹ کے رزلٹ کے بعد انٹرویوز ہوں گے، اس کے ذریعے آپ کو بہتر روزگار مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آغاز میں لوگوں نے تنقید کی کہ یہ چل نہیں سکتا، اب تو اورنگی اور بلدیہ میں بھی کورسز کروائے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی کو قوم کے بچوں کو پڑھانے کا فخر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان مایوسی کی جانب بڑھ رہا ہے، تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے وہ اسے پورا نہیں کر رہی، غریب کے بچے بجلی، گیس کے بلوں میں پھنسے ہیں، ان کے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نصاب سازی کے ادارے سے معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، سالانہ ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کام نہیں کر رہی اور آئی ٹی منسٹر ہمارے کسی کام کے نہیں ہیں، گزشتہ کئی برسوں سے اسی شہر کا آئی ٹی منسٹر بن رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میں نام لے کر بات نہیں کروں گا، فارم 47 والوں کا ویسے بھی ذکر نہیں کرنا چاہتا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس سوشل میڈیا کی سب سے بڑی طاقت ہے، پاکستان کے پاس سونا، تانبا اور کئی دیگر معدنیات بھی ہیں۔