لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے عید الاضحیٰ کے بعد آئین کی بالادستی کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
منصورہ میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں پاکستان مشکلات کا شکار ہے، 76 سال سے ہم مختلف غلامیوں میں مبتلا ہیں، ملک پر اشرافیہ قابض ہے جس وجہ سے یہ ملک ترقی نہیں کرپایا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی بھی آزاد نہیں ہے، کشمیرسےمتعلق سودے بازی کے معاملات کی تحقیقات ہونی چاہیے، نوازشریف اور بھارت کا کلچرایک ہوگا ہمارا نہیں، یہ لوگ ہمیں بھارت کا غلام بنانا چاہتےہیں، بھارت سےدوستی کرنا امریکی ایجنڈا ہے، امریکی آشیرباد اور فارم 47 والے بھارت سےدوستی کی ہی بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، فلسطین کے معاملے پر جنوبی افریقہ عالمی عدالت گیا پاکستان کیوں نہیں ؟ پاکستان کو جنوبی افریقہ کےعالمی عدالت جانے پرشرم نہیں آئی؟ مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی والے رسمی باتوں کی بجائے حماس کوتسلیم کریں، ان کو تو اسرائیل کا نام لیتےہوئےتکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی بہت ضروری ہے، اگر ملک آئین کے مطابق چلے گا تو سب کیلئے بہتر ہے، جب آئین پر قبضہ کیا جاتا ہے تو ملک اور ادارے دونوں برباد ہوتے ہیں، چند لوگوں کی انا پورے ملک کو برباد کررہی ہے، عید کے فوری بعد آئین کی بالادستی کے لیے بڑی تحریک شروع کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کےلیےبہت اہم ہے، اس منصوبے کو مکمل ہونا چاہیے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملین ڈالرز کی گیس امپورٹ ہوتی ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہونے سے اربوں ڈالر بچ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سےتنگ آکر لوگوں نے سولر لگائے اب یہ ظالم حکمران آئی ایم ایف کے کہنے پرٹیکس لگانے جا رہے ہیں، ہم اور یہ عوام اس جعلی حکومت کو نہیں مان سکتے، اس ظالم ٹولے کے رحم و کرم پر 25 کروڑ عوام کو نہیں چھوڑ سکتے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا زراعت کے شعبے میں بہت کچھ ہو سکتا ہے مگر یہ لوگ نہیں کررہے، اس معاملے پر ہم بھرپور طریقے سے کام کریں گے، ہمارا ایجنڈا اس وقت انتخابی نہیں قومی اور عوامی ہے، ہم کسانوں ،مزدوروں اور نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔