لاہور: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے کسان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جماعت اسلامی کے دفاتر میں کسان اپنے نقصانات بارے رپورٹ جمع کرائیں، ہم ان سے ایک ایک پائی وصول کریں گے، آئی ایم ایف کے غلاموں سے حق لیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کسان مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ایک بڑی تحریک کا آغاز ہوگیا ہے، یہ حکومت پی ڈی ایم ٹو ہے، گندم امپورٹ کرنے کے لئے ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا، گندم امپورٹ کرنے والوں سے حساب لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سب ملکر آئین کی خلاف ورزی کررہے تو کیسے کام چلے گا: نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اب ان کو سرچھپانے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی، حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریدنے کا اعلان کیا تھا، سارے مافیا حکومتوں میں شامل ہوکرغریبوں کے خون پسینے کی کمائی کو کھاتے ہیں، مسلم لیگ (ن) والو سن لو تم سے پورا حساب لیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ تم کسان کو برباد کرکے کبھی خوشحال نہیں ہوسکتے، شہبازشریف کی بھتیجی نے فرمایا 400 ارب کسانوں کودیں گے، اگر 400 ارب سے گندم خرید لیتے تو مسئلہ حل ہوجاتا، پہلے کہتے تھے خزانے میں پیسے نہیں اب ان کے پاس400 ارب کہاں سے آگئے؟
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ روز حکومت نے مختلف اضلاع سے کسان، جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو گرفتار کیا، گرفتار لوگوں کو فوری رہا کرو ایسا نہ ہو تحریک پورے پنجاب میں پھیل جائے، مسلم لیگ، پیپلزپارٹی نے زبردستی رجیم چینج کی۔
انہوں نے کسانوں سے کہا کہ اس مافیا کے خلاف بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، اگر ہم اس دھرنے کو طویل کر دیں تو کیا آپ بیٹھے رہیں گے؟ کسان مارچ کے شرکاء نے دھرنا دینے کے لئے ہاں میں جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا کسی بھی سیاسی اتحاد کا حصہ بننے سے انکار
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دبئی میں سرمایہ کاری کی، تم ہمارے خون پسینے کی کمائی کو باہر لیجاؤ اب ایسا نہیں چلے گا، زرداری اور شریف خاندان کے پورے ٹبر کو حساب دینا پڑے گا، اب تم مزید اپنا قبضہ اس ملک پر قائم نہیں رکھ سکو گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اگر آپ لوگ اسلام آباد کے لئے تیار ہو تو یہ مافیا راستہ نہیں روک سکے گا، ایک بڑی جدوجہد کے لئے تیار ہو جائیں، گرمی، سردی اور برسات اور جیل بھی ہوگی تیار ہو؟ وڈیروں، جاگیرداروں، خون چوسنے والوں سے ملک کو آزادی دلوائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ یہ ملک کسی جرنیل یا چیف جسٹس نے آزاد نہیں کرایا تھا، پاکستان بڑے جاگیرداروں کے لئے نہیں بنایا گیا تھا، آئی ایم ایف کے غلام پاکستان کو کبھی آزاد نہیں ہونے دیں گے، عوام، مزدور، کسان، طلبا، ماؤں، بہنوں کا ہر مسئلہ ہمارا مسئلہ ہے، ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بجلی کا بحران حل ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کو جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، اگر کروڑوں لوگ باہر نکل گئے تو چچا، بھتیجی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، سندھ کے لوگ وڈیرہ شاہی، جاگیرداروں کے خلاف بھی ڈٹ کر کھڑے ہو جاؤ، یہ لوگ عوام کی طاقت کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے اداروں، فوج کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، آزادکشمیر سے سبق حاصل کرو، سب اپنی آئینی حدود میں چلے جاؤ ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی، چیف جسٹس آف پاکستان انصاف دو ورنہ کرسیاں چھوڑدو، چیف جسٹس فیصلہ کریں جس کے پاس فارم 45 ہو اسے کامیاب قرار دیا جائے۔
کسان بورڈ کے رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو پنجاب کی پگ بھی پہنائی۔