جماعت اسلامی کا بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ پر کے الیکٹرک کیخلاف مظاہرہ

Published On 11 May,2024 06:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے تحت شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ، بدعنوانیوں، اوور بلنگ، بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف شہر بھر میں مختلف آئی بی سی کے سامنے مظاہرے کئے گئے۔

سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے صدر محمود حامد نے کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کا مشکور ہوں جنہوں نے عوام اور تاجر کے بنیادی مسئلے کے حل کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا۔

محمود حامد نے کہا کہ کراچی کے رہائشی علاقوں اور مارکیٹوں میں گھنٹوں بجلی نہیں ہوتی، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں کاروبار متاثر ہورہا ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد کو انجام تک پہنچانا ہے، تاجر برادری جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے عوام پر ظلم بند نہ کیا تو عوام آئی بی سی کا گھیراؤ کریں گے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے وعدہ کیا تھا 300 یونٹ کا بل معاف کیا جائے گا، پیپلزپارٹی بتائے کہ انتخابات میں آنے کے بعد بل کیوں معاف نہیں کئے جا رہے؟