عشرت العباد کا حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ، ملکی چیلنجز سے ملکر نمٹنے پر اتفاق

Published On 06 June,2024 08:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کو ٹیلیفون کیا، دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کراچی میں امن و امان اور سٹریٹ کرائم سمیت دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عشرت العباد خان کا سیاسی طور پر فعال ہونا خوش آئندہ ہے، سابق گورنر نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی حیثیت سے حافظ نعیم الرحمان کراچی کیلئے زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکیں گے، پاکستان کو اس وقت مختلف چینلجز کا سامنا ہے، سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں بڑھتے سٹریٹ کرائم اور امن وامان کی صورتحال پر تشویش ہے، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔

سابق گورنر اور امیر جماعت اسلامی نے اتفاق کیا کہ کراچی میں امن کی بحالی سیاسی استحکام، ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے، دونوں رہنماؤں نے کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کی شکایات پر بھی اظہار تشویش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ ملکر مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے، سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اورامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔