لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کا جمہوریت اور آئین سے کوئی تعلق نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے الیکشن کے پراسیس کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا، جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار نظام کو طاقت سے یرغمال بنالیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں، کوئی وراثت تو کوئی وصیت پر چل رہی ہے، جمہوریت صرف جماعت اسلامی اور وکلاء میں ہے جہاں الیکشن ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقاصد اور نظریئے کی تکمیل کی تحریک کسی صورت پیچھے نہیں جانی چاہیے، پاکستان اپنی اصل اور حقیقی منزل پر پہنچے گا، اس کیلئے عدل اور انصاف کی بالادستی کا نظام قائم کرنا ہوگا، عدل کے نظام میں صرف اسلام نہیں اقلیتوں کی بھی فلاح ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں شرکت سے ہمارے حالات خراب ہوئے۔