راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کے باجوڑ میں آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں اہم دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عرفان اللہ عرف عدنان مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھا، مارا گیا دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا، اہل علاقہ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا عزم کیا۔