کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے رہائشی رکشہ ڈرائیورکی 2 کمسن بیٹیاں گھرمیں پانی کی موٹرکے تارسے کرنٹ لگنےسے جاں بحق ہوگئیں۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سیکٹر 7 ڈی مکان نمبراین 233 میں کرنٹ لگنے سے 2 کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں، جن کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئیں، جہاں متوفی بچیوں کی شناخت 7 سالہ اقرا اور10 سالہ مناہل کے نام سے کی گئی، دونوں بچیاں سگی بہنیں تھیں۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن اخلاق احمد نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی کمسن بہنوں کو گھرمیں کھیلتے ہوئے پانی کی موٹرکے تار سے کرنٹ لگا، پانی کی موٹرکا تار چھلا ہوا تھا اور نادانستگی میں بچیوں نے تار پکڑلیا۔
کرنٹ لگنے کے باعث دونوں بچیاں بے ہوش ہو ہو گئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، جاں بحق ہونے والی کمسن بہنوں کا والد رکشہ ڈرائیور ہے۔