ماناما : (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے بحرین میں تعینات کنٹری منیجر کو چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
قومی ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹری منیجر کو مسافروں کے سامان میں خیانت کے الزام میں گرفتار کیا گیا، کنٹری منیجر پر مسافروں کا سامان ایئرپورٹ سے اپنے آفس لے جانے کا الزام ہے۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا دفتر نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کا پیچھے رہ جانے والا سامان پی آئی اے کے شہر میں مرکزی دفتر منتقل کیا جاتا ہے جس کے بعد مسافروں سے رابطہ کر کے انہیں رہ جانے والا سامان پہنچا دیا جاتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بحرینی سیکورٹی حکام کی جانب سے ایئر پورٹ سے سامان کی منتقلی کو خیانت قرار دے کر کاروائی کا آغاز کیا گیا جبکہ بحرین میں پاکستانی سفارت خانے نے معاملے کو غلط فہمی پر مبنی قرار دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مذکورہ واقعہ ضابطے کی خلاف ورزی تو ہو سکتا ہے مگر اس میں کوئی مجرمانہ فعل نہیں ہے، پی آئی اے نے مذکورہ افسر کی قانونی مدد کے لئے پاکستانی سفارتخانے کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور مسلسل رابطے میں ہے، ان کو تمام تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے۔