وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کی ملاقات

Published On 10 July,2024 07:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے لاہور بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا اور طالبات کی ملاقات ہوئی۔

لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے پوزیشن ہولڈرز میں محمد کاشف، معیز حیدر، عبید اللہ عثمان، ماہین سجاد، عبیرہ اصغر، زینب آصف، سحر شکیل، لائبہ،غلام ہمایوں دین، احتشام الحق، محمد فرحان، حفصہ، مائرہ عمران، حافظہ کائنات عامر، مائرہ خرم شامل تھے۔

اس موقع پر ایک طالبہ اپنے گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی، ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے لئے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتی، پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کئے، اب پتہ چل رہا ہے مریم نواز ہماری وزیر اعلیٰ ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی دعوت سے فخر محسوس ہو رہا ہے۔

ملاقات کے موقع پر مریم نواز شریف نے اعلیٰ تعلیم کے لئے پوزیشن ہولڈرز کی فیس کی ادائیگی کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہونہار طلبہ کے درمیان بیٹھ کر فخر محسوس کر رہی ہوں، پوزیشن ہولڈرز کی قابلیت دیکھ کر رشک آتا ہے، بہت خوش ہوں کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں ،تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعاما ت دیئے۔

مریم نوازنے پہلی پوزیشن ہولڈرز کو تین ، تین لاکھ، سیکنڈ کو دو دو لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرز ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے۔