پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، حکومت نے دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ پر 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔