راولپنڈی: (دنیا نیوز) پشاور میں دوران آپریشن شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کی سب ڈویژن حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی بدام گل شہید (مقامی ڈسٹرکٹ کوہاٹ) اور سپاہی محمد ادریس شہید (رہائشی ڈسٹرکٹ صوابی) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی کو آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔