عوام کی مسترد شدہ ایم کیو ایم کو کراچی میں بدمعاشی کی چھوٹ دیدی گئی: حلیم عادل

Published On 14 July,2024 01:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے پارٹی کارکنوں پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ‏عوام کی مسترد شُدہ ایم کیو ایم پاکستان دوبارہ کراچی کو آگ اور خون کے جہنم میں دھکیلنا چاہتی ہے، شہر میں بڑی مشکل سے امن قائم ہوا تھا، ایک سازش کے تحت اب دوبارہ وہی کھیل شروع کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دہشتگردوں کو بدمعاشی اور غُنڈہ گردی کی چھوٹ دے دی گئی ہے، ابھی تھوڑی دیر پہلے کھوکھراپار میں ہمارے ورکر عالیان کو اس کے گھر میں گھُس کر تشدُد کا نشانہ بنایا گیا، غنڈہ گردی سے خواتین پر بھی ہاتھ اُٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کو دوبارہ دہشتگردوں کے حوالے کرنے والے پاکستان کے دُشمن ہیں، ہمارے ورکرز لاوارث نہیں پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے، فوری طور پر حملہ آوورز کیخلاف کارروائی کی جائے، تمام حملہ کرنے والوں پر ایف آئی آر درج کر کے گرفتار کیا جائے۔