راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے کیس میں گرفتاری ڈال دی۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے انکوائری میں عدم تعاون پر گرفتاری ڈالی گئی، ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی اور نیب ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئی۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ نیا کیس دس قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر ایک نہیں سات گھڑیاں خلاف قانون لینے اور بیچنے کا الزام ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق گراف واچ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں، تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لئے بغیر ہی بیچے جاتے رہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا ہے۔