لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے عاشورہ کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف گرینڈ احتجاج کا عندیہ دے دیا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن کی جانب سے عوامی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی اعجاز شفیع نے کی، اجلاس میں تحریک انصاف کے فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویداروں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار 25 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں سے لاہور کے تین ارکان حافظ ذیشان رشید، حاجی کریم اور ندیم بارا شامل تھے۔
عوامی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی ناقص کارکردگی اور مہنگائی کے خلاف قرارداد پیش کی گئی، بجلی کے بلوں میں اضافے اور آئی پی پیز معاہدوں کو پبلک کرنے کے لیے بھی قرارداد منظور کی گئی۔
اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جینے والے امیدواروں کو حق دینے الیکشن کمیشن ارکان کے استعفے کے مطالبے کے لئے قراداد بھی پیش کی گئی، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لئے قرارداد پیش کی گئی، ارکان اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کے حق اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
موجودہ حکومت کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں: ملک احمد بھچر
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہماری 192 نشستیں ہو گئی ہیں، فارم 45 والی حکومت جلدی واپس آرہی ہے، دو سے تین ماہ میں ہماری نشستیں ہمیں واپس مل جائیں گی۔
انہوں نے بجلی قیمتوں پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹیرف ٹیرف چچا بھتیجی کھیل رہے ہیں اور اس ٹیرف سے لوگوں کے گھر برباد ہو گئے ہیں، یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں ہے، ہم ایک بہت بڑے احتجاج کی طرف جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہمارا پہلا مشن ہے۔
ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ محرم کے بعد ہم بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے، اس حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔
بعدازاں اپوزیشن کی عوامی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔