لاہور: (دنیانیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عاشورہ ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔
گورنر پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کے بے مثل عزم، حوصلے اور لافانی شہادتوں سے عبارت ہے ، یوم عاشور حق، باطل کی درمیان واضح تفریق کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے ظلم کے خلاف کلمہ حق بلند کیا، شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو باطل کے سامنے نہ جھکنے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔
گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ سانحہ کربلا ہمیں سبق دیتا ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا جائے، سانحہ کربلا ہمیں اپنے اندر ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنے اور حق کی خاطر آواز اٹھانے کا پیغام دیتا ہے۔