سیالکوٹ : (دنیانیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ آج نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت کی بڑی تعداد غزہ میں حضرت امام حسینؓ کی سنت کو تازہ کر رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے یوم عاشور کے جلوس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں عظیم ترین قربانی یاد رکھی جائے گی ، غزہ میں خواتین کے سروں سے چادریں چھینی جا رہی ہیں ، بچوں کے گلے کاٹے جا رہے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم ہو رہے ہیں ، وہ اپنے بھائی بندوں کو بھی پکار رہے ہیں نہ ان میں سے کوئی آتا ہے دنیا س وقت یزید کے ساتھ ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ 1400 سال کے بعد یہ واقعہ ہے جس میں فلسطینوں نے حسینیت کی یاد تازہ کی ہے ، 37 ہزار بچے قربان کر دئیے لیکن یزید کے سامنے سر نہیں جھکایا ، یزیدیت کا مقابلہ ہوتا رہے گا فتح حسینیت کی ہو گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس سنت کی آبیاری خون سے کرنا پڑتی ہے ، خون اس وقت فلسطینی دے رہے ہیں ، وہی تاریخ دوہرائی جا رہی ہے اس وقت بھی لوگ مصلحتوں کا شکار ہیں ، ہم نے سبق حاصل کرنا ہے وہ سنت جو زندہ پائندہ ہے ، اللہ ہمارے ایمان کو تازہ کر دے۔