اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے برفانی جھیل کے آؤٹ برسٹ فلڈ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ای او سی نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ جی ایل او ایف کے بارے میں خبردار کیا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور 17 سے 23 جولائی 2024 کے دوران موسلادھار بارش سے مقامی دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ضروری تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی کمیونٹیز، سیاحوں اور مسافروں کیلئےخطرہ کا سبب بننے والے علاقوں میں الرٹ جاری کیا جائے اور مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کے بروقت انخلا اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کمزور علاقوں میں بھی فرضی مشقیں کی جائیں۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن لانچ کی ہے جو گوگل پلے سٹور اور آئی او ایس ایپ سٹور پر دستیاب ہے تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، مشورے اور رہنما خطوط فراہم کیے جا سکیں۔