اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت معاشی مسائل کے پائیدار حل کی طرف گامزن ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے 2019 ، 2020 اور 2021 میں مردم شماری کرنے کا عہد کیا تھا جس پر سابق حکومت کے دور میں کوئی خاطر خواہ عمل درآمد نہ ہوسکا ۔
انہوں نے کہا کہ اپریل 2022میں ہنگامی بنیادوں پر مردم شماری کا آغاز کیا گیا، ایک لاکھ 22ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو مردم شماری کے حوالے سے تربیت دی، ادارہ شماریات نے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے اہلکاروں کو اچھی تربیت فراہم کی، مردم شماری کے لئے نادرا سے تعاون حاصل کیا گیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج تھا کہ سوا لاکھ لوگوں کو مختص ترین عرصے میں ڈیجیٹل مردم شماری کرنے کی مکمل تربیت دی گئی، ہمارا اہلکاروں کو تربیت دینے کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ اہلکاروں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے عمل سے گزارا جائے تاکہ وہ اس ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ پہلا سنگ میل ہم نے اپنے آئی ٹی کے اداروں کے تعاون سے مکمل کیا کیونکہ مردم شماری ایسا عمل ہے جس کا فیصلہ اتفاق رائے سے نہیں بلکہ اعداد وشمار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، ہمارے ملک میں مردم شماری ہر دس سال بعد منعقد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کا اہم مرحلہ سوفٹ ویئر کی تیاری بھی ہے، تاکہ مردم شماری کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کیلئے سوفٹ ویئر تیار کیا جائے ، اس کے ساتھ مردم شماری کے عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنایا گیا تاکہ عملہ کسی اور جگہ ڈیوٹی نہ کرے اور اس سے بڑھ کر ہم نے سکیورٹی فورسز سے مل کر عملے کا تحفظ بھی کامیابی نے یقینی بنایا۔