کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ خدا گواہ ہے کہ ہم پوری نیت سے کام کر رہے ہیں، تاجروں کا کاروبار میں سرمایہ اتنا نہیں لگا ہوگا جتنا ہم نے اپنا سیاسی مستقبل داؤ پر لگایا ہوا ہے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ توانائی کا مسئلہ ہے، قلیل مدتی حل ہے تو بتائیں، توانائی بحران کس کی غلطی ہے، یہ بات نہیں کرتے، آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ آپ معاہدے کی پاسداری نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی توجہ توانائی بحران حل کرنے پر ہے، ریفارمز کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا، پی آئی اے کی نجکاری کر رہے ہیں، راستہ بہت مشکل ہے، سیاسی سرمایہ قربان کیا ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کی رفتار کم ہوئی ہے، جو چیزیں اچھی ہیں اس کا بھی ذکر کریں، کئی مہینوں سے ڈالر کا استحکام ہے، شرح سود میں کمی ہونا شروع ہوئی ہے، سٹاک مارکیٹ اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔