اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔
شہبازشریف نے حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی اور زخمیوں کے علاج کیلئے عمان کی جانب سے فوری اقدامات اور پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ تعاون کو سراہا۔
وزیرِاعظم نے عمان کو دہشتگردی کی عفریت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی، ملاقات کے دوران شہبازشریف نے عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ سلطان کے ساتھ عید الاضحیٰ اور عید الفطر کے موقع پر ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔
شہبازشریف نے عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی گزشتہ کی گئی دعوت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں، انہوں نے پاکستان کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کیلئے وفد کو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دینے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ متعلقہ حکام باہمی طور پر مفید نتائج کے حصول کیلئے وفد کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
اس موقع پر عمان کے سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عمان کے سلطان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے ملک کے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔