اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی، ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی پر پابندی اور آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور مخصوص نشستوں سے متعلق معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا بھی آغاز کر دیا ہے۔