لاہور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا، بہت سوچ و بچار کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کیلئے وقف کرنا چاہتا ہوں، یہ فیصلہ نا ہی کسی پریشر کی وجہ سے ہے اور نا ہی میرا ارادہ کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ہے، یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے، سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ و قومی اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا۔
انہوں نے کہا کہ جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں، ہر عہدے کو ایک فرض سمجھ کر نبھایا، اللہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا، میں چیئرمین تحریک انصاف کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نمائندگی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کہ تحریر و تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔