اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی کے حوالے سے کسی بات کا اعتراف نہیں کیا۔
سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کرتے ہوئے کہا کہ زمان پارک میں متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ رینجرز کے ایکشن کے بعد احتجاج وہاں ہوگا جہاں ہونا چاہئے وہ جی ایچ کیو ہو یا کوئی اور دفتر ہو۔
،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی فلاح کے لئے بات کرنے کو تیار ہیں، ہم آگے بڑھنے کو تیار ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں انتشار نہ ہو، ملک کی معیشت ترقی کرے، عوام غربت مہنگائی سے چھٹکارا پائے، ملک میں جو ماحول پیدا کیا جا رہا ہے یہ تباہی کی جانب لے کر جائے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آپ عوام سے ریاست کو دور کرکے ریاست کی فلاح نہیں پا سکتے، ضروری ہے عوام کو ساتھ لیکر چلیں اور عوام کی منتخب لیڈر شپ کو ساتھ لیکر چلیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو خبر اعتراف کے حوالے سے چل رہی ہے وہ بالکل لغو بات ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے 9 مئی کے حوالے سے کسی بات کا اعتراف نہیں کیا،ان واقعات کے بعد پارٹی میں فیصلہ ہوا کہ اگر دوبارہ ایسی حرکت ہوئی اگر پولیس معاملات میں رینجرز، آئی ایس آئی نے مداخلت کی تو پھر پرامن احتجاج ہوگا، فیصلہ کیا گیا تھا احتجاج میں کسی گملے، پتے کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، یہ ایک متفقہ فیصلہ تھا۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا ہم اسکی مذمت کرتے ہیں، اس کے ذمہ داروں کو سزا دیجئے، یہ پہلے سے بنائی گئی ایک سوچی سمجھی چال تھی، جسکی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔
اسد قیصر
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی عمران خان سے متعلق خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جو میڈیا میں آیا ہے بانی پی ٹی آئی نے وہ نہیں کہا ہے۔
ان سے جب سوال کیا گیا کہ انہوں نے رپورٹروں کے موجودگی میں یہ بات کی ہے تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہرحال ہم اس بات کی تردید کر رہے ہیں۔