اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب ، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات اور 24 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی ،کشمیر ، ڈ یرہ غا زی خان ، موسیٰ خیل بارکھان،کو ہلو اور لورا لائی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بارشوں سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، جنوبی سندھ، کشمیر، جنوب مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دالبندین 47، نوکنڈی، سبی 46 اور جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔