لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں دھرنے کے پیش نظر پولیس نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور ذمہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔
پولیس نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپہ مارا، ڈرائیور شوکت محمود کو گرفتار کر لیا۔
جماعت اسلامی کو دھرنے سے روکنے کے لیے پولیس نے امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور دیگر ذمہ داران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے سینئر رہنما امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس گردی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف جگہوں پر پولیس اہلکاروں کی خواتین سے بدتمیزی افسوسناک ہے، حکومت کا رویہ غیر آئینی ، غیر جمہوری ہے، پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی ، قانونی اور جمہوری حق ہے۔
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کل اسلام آباد میں دھرنا ہر صورت شیڈول کے مطابق ہو گا، جماعت اسلامی کا دھرنا پُر امن اور عوام کے حقوق کے لیے ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان دھرنے کی قیادت کریں گے۔