آج سے بدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

Published On 28 July,2024 10:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب سے داخل ہونے والی مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے جبکہ مون سون سسٹم کے باعث آزاد کشمیر کے کچھ مقامات میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔

ژوب، بارکھان، لورالائی، سبی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کوہلو میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بادلوں کا راج ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 41، تخت بائی میں 10، بالاکوٹ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

عرفان کاٹھیا نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے موسمی صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔