5 اگست کو ملک بھرمیں یوم استحصالِ کشمیر منایا جائے گا:علامہ طاہر اشرفی

Published On 28 July,2024 02:46 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ 5 اگست کو ملک بھرمیں یوم استحصالِ کشمیر منایا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے لیے آواز نہیں اٹھا رہے، کشمیر اور فلسطین میں خون بہایا جارہا ہے، ہم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام سازشوں کا سامنا کر رہا ہے، عزم استحکام نیا آپریشن نہیں، عزم استحکام آپریشن سے ملک میں اتفاق اور رواداری پیدا ہوگی، پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر اور فلسطین بھی مضبوط ہوں گے، 5 اگست کو ملک بھرمیں یوم استحصالِ کشمیر منایا جائے گا۔

حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ہماری ریڈ لائن ہمارا دین اور وطن ہے، دین اور وطن کی حرمت پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، ہمارے مدارس میں جدید علوم بھی پڑھائے جارہے ہیں، ہم پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔

سربراہ پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ مدارس اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے تیار ہیں، اگرکوئی مدرسہ دہشت گردی میں ملوث ہے توثبوت پیش کیا جائے اسے اپنے ہاتھ سے تالا لگادوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدے پر نظر ثانی ہونی چاہیے، مساجد کے بل 50 فیصد تک معاف کیے جائیں، مساجد اور مدارس کے بلوں سے ٹیکس ختم کیے جائیں، بجلی کاٹ دی گئی تو مساجد اور مدارس سے مستفید ہونے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔