راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام ساتھ رہیں، ہم حکومت کو گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے، یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کو تبدیل کر دے گا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں ہمارا دھرنا جاری ہے، کارکن ثابت قدم رہے، دھرنا طویل ہوتا جارہا ہے، عوام کی نمائندگی کرنے پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کچھ لوگوں کا ایجنڈا نوجوانوں کو مایوس کرنا ہے، یہ دھرنا پورے پاکستان کو جوڑ رہا ہے، یہ دھرنا امید کے چراغ جلا رہا ہے، پاکستان کے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، ہم متحد ہو کر حکمران طبقہ کی بدمعاشیاں کو شکست سے دوچار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے فوری دھرنا ختم کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم تقسیم ہوں گے تو دشمن طاقتور ہوں گے، 1994ء سے پیپلزپارٹی نے آئی پی پیز کا دھندا شروع کیا، پھر مسلم لیگ (ن) نے اس دھندے کو عروج پر پہنچایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں نے آئی پی پیز کو مسلط کیا، 23 فیصد بین الاقوامی آئی پی پیز ہیں، حکومت کے ننھے ایسے مذاکرات کر رہے ہیں جیسے انہیں کچھ پتہ ہی نہیں، مہنگی بجلی سے تاجر، صنعت کار، مزدور، تنخواہ دارطبقہ بھی پریشان ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صرف جاگیردار طبقہ خوشحال ہے، اس ظلم کے نظام کو اب ختم کرنا پڑے گا، اب لڑنا اور مزاحمت کرنی پڑے گی، یہ طویل لڑائی ہے جس کا آغاز مری روڈ سے کر دیا ہے، ان کا پلان انتشار پھیلانے کا تھا ہم نے اس سازش کو نظم و ضبط سے شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ ربڑ سٹمپ بن چکی، پرامن سیاسی جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں:حافظ نعیم
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے ان کے کنٹینروں کو ہاتھوں سے اٹھا کر پھینک دیا تھا، ہمیں ملک کے سپاہی بھی عزیز ہیں، یہ نظام جھوٹ، دھوکے، رشوت کو پروموٹ کرنے کا نظام بن چکا ہے، یہ نظام حرام کے سارے راستے کھولتا ہے، بجلی، گیس کی قیمت کم کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں پر مزید ٹیکس نہیں دیں گے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کو ختم کیا جائے، کسی سرکاری افسرکو 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں ملنی چاہئے، دھرنا اسی صورت ختم ہوگا جب سارے مطالبات مانے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ دھرنا تاریخی بنتا جا رہا ہے، نوجوانوں اس ملک سے مایوس مت ہونا، ہمیں معلوم ہے نوجوانوں کے لئے تعلیم، روزگار کے مواقع بند کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کے ووٹ کو بھی پامال کیا گیا ہے، نوجوانوں ہمارے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ساتھ چلو، ہم نوجوانوں کا پاکستان بنائیں گے۔