خفیہ کال ریکارڈنگ: نور ولی محسود اور غٹ حاجی کے خلاف مقدمہ درج

Published On 29 July,2024 03:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خفیہ کال ریکارڈنگ کے معاملے پر کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کے خلاف انسداد دہشتگردی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی لیک خفیہ کال کے خلاف قانونی کارروائی کے اگلے مرحلے میں دونوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ضلع شمالی وزیرستان میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کری شموزئی میں دیہی ہیلتھ سینٹر پر حملوں پر نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔

واضح رہے کہ نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی خفیہ کال منظر ِعام پر آئی تھی، خفیہ کال میں نور ولی محسود، غٹ حاجی کو پاکستان میں سکول اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کررہا تھا۔