مسلم لیگ ن نے ملک کوآئی پی پیزکےچنگل میں پھنسایا : عمر ایوب

Published On 30 July,2024 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ملک کو آئی پی پیزکےچنگل میں پھنسایاہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر  میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ کپیسٹی چارجزکے مہنگے معاہدے ن لیگ نےخود سائن کیے، ہم نے اپنے دورمیں آئی پی پیزکے ساتھ معاہدوں پرنظرثانی کی اور آئی پی پیز کے معاملے پراربوں کی بچت ہوئی، نگران حکومت نے کیوں آئی پی پیز پر کام نہیں کیا؟ نگران وزرا اب کیوں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟۔

عمر ایوب کاکہنا تھا کہ نگران حکومت کو ہمارے پیچھے ویگوڈالے لگانے سے ہی فرصت نہ تھی، نگران وزرا پہلے پیزے اور پیسٹریاں کھانے میں مصروف تھے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دنیا میں بجلی کی پیداواری لاگت کم، ہمارے ہاں زیادہ ہے، ہم نےآئی پی پیز کیلئے ڈالرریٹ 175روپے پرفکس کیا، اربوں ڈالر بچائے، ہم نے قطرکے ساتھ ایل این جی معاہدے پرنظرثانی کی، 10ارب ڈالرسےزائد بچائے۔

عمرایوب نے کہا کہ اینٹی کرپشن ہمارے ساتھیوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے، مصدق ملک نے غیر سنجیدہ آفر کی ہے، ان کے اپنے گھر میں فارم 47پر لڑائی ہورہی ہے، مذاکرات کے لیے حکومت کے پلےکچھ بھی نہیں، وزرا کے ہوش اُڑے ہوئے ہیں، یہ آپس میں دست وگریباں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما  کامزید کہناتھا کہ تحریک انصاف 5اگست کو صوابی میں بڑاجلسہ کرے گی جبکہ دھرنے کےحوالے سے کورکمیٹی فیصلہ کرے گی۔